کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو این آئی سی وی ڈی کے حوالے کرنے کا فیصلہ

April 16, 2021

سندھ حکومت نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت سندھ نے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ برائے امراض قلب پروفیسر ندیم قمر نے دی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر اہتمام چلنے والے 170 بستروں پر مشتمل کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو قومی ادارہ برائے امراض قلب کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کے آئی ایچ ڈی کو قومی ادارہ برائے امراض قلب کا سیٹلائٹ سنیٹر بنانے کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی گئی ہے اور جیسے ہی سمری منظور کرکے نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا، وہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کا انتظام سنبھال لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز فی الوقت بلدیہ عظمٰی کراچی کے زیر انتظام ہے لیکن سمری کی منظوری اور نوٹیفکیشن کے جاری ہونے کے بعد یہ ادارہ سندھ حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آجائے گا۔

واضح رہے کہ170 بیڈز پر مشتمل کے آئی ایچ ڈی سابق ناظم کراچی نعمت اللّٰہ خان نے قائم کیا تھا جو کہ جون 2005 میں آپریشنل ہوا لیکن گذشتہ کچھ عرصے میں بد انتظامی اور مالی مشکلات کی وجہ سے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے۔

پروفیسر ندیم قمر کا مزید کہنا تھا کہ کے آئی ایچ ڈی کو تکنیکی طور پر سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز (ایس آئی سی وی ڈی) کے حوالے کیا جائے گا، لیکن عملی طور پر کے آئی ایچ ڈی، قومی ادارہ برائے امراض قلب کے زیر انتظام ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے کراچی کے شہریوں کو امراض قلب کے علاج کی بہترین سہولتیں حاصل ہو جائیں گی۔