ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں،سلیم کھوسہ

April 17, 2021

کوئٹہ (خ ن)صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ کی زیر صدارت جمعہ کے روز پی ایس ڈی پی 2020 -21 کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس ہوا۔جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمرمسعود سیکرٹری نصراللہ ترین ،جاوید رحیم اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ جن محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرکاری اراضی الاٹ کی گئی ہے انہیں فوری طور پر ان محکموں کے حوالے کیا جائے تاکہ بلاتاخیر ان منصوبوں پر بروقت کام کا آغاز کرکے مقررہ وقت پر مکمل کیا جا سکے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی اور تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان مختلف اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں لہذا اس ضمن میں سرکاری زمینوں کی بندوبست کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔تاکہ ان اسپورٹس کمپلیکس پر بلاتاخیر تعمیراتی کام شروع کیا جا سکے۔انہوں نے تمام متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری اراضی کی حوالگی کے حوالے سے قانونی مراحل اور کارروائیاں جلدمکمل کر کے ان منصوبوں پر کام کا آغاز کریں۔انہوں نےکہا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے جہاں لوگوں کو سہولیات میسر آئیں گی وہی دوسری جانب روز گار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گا۔