عاطف اسلم کے ’سلامِ عاجزانہ‘ کو ایک دن میں 17 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا

April 17, 2021

معروف گلوکار عاطف اسلم کا رمضان المبارک کی مناسبت سے نبی آخرالزماںﷺ کو درود و سلام پیش کرتا کلام ’سلامِ عاجزانہ‘ مقبولیت کی سیڑھیاں چڑھتا جارہا ہے۔

اس کلام کو اب تک ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر 17 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

کلام میں عاطف اسلم کے ہمراہ علی پرویز، نعمان جاوید، علی پرویز مہدی، احسان پرویز مہدی اور کمیل جعفری نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

5 منٹ اور 8 سیکنڈ کی ویڈیو میں تمام گلوکاروں کو دردو و سلام پڑھتے دکھایا گیا ہے۔

’سلام عاجزانہ‘ ریلیز ہوتے ہی عوام میں مقبول ہوگیا ہے، اور ابتدائی محض 9 گھنٹے میں ویڈیو کو دیکھنے والوں کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی۔ تاہم اب یہ تعداد 17 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

ٹوئٹر پر اس وقت ’عاطف اسلم‘ سرِ فہرست ٹرینڈز میں موجود ہیں۔

مداح اس نئے کلام پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ عاطف اسلم نے ایک مرتبہ پھر ہمارے دل جیت لیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عاطف اسلم کی ایسے کلام عوام میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرتے رہے۔

’وہی خدا ہے‘، ’اسماءالحسنیٰ‘، ’ اذان‘ ہو یا ’تاجدارِ حرم‘ عاطف اسلم اپنی آواز میں مداحوں کو تحفے دیتے رہتے ہیں۔