آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی پر سری لنکن کھلاڑی پر 8 سال کی پابندی

April 19, 2021

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سری لنکن کرکٹر دلہارا لوکوھیٹیگے پر 8 سال کے لیے ہر طرح کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگ گئی۔

آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ٹریبول نے اماراتی کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی طرف سے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر دلہارا لوکوھیٹیگے کو سزا سنائی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انھوں نے میچ فکسنگ میں شامل ہونے اور پیشکش موصول ہونے کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے سے متعلق آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔

اس حوالے سے آئی سی سی کا کہنا ہے کہ دلہارا لوکوھیٹیگے کو سری لنکا میں متعدد مرتبہ انسدادِ کرپشن کے سیشنز ملے ہیں۔

ان کی سزا کا اطلاق 3 اپریل 2019 سے ہی ہوا ہے، جس دن وہ یو اے ای میں ٹی 10 لیگ میں آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے تھے، جس کے بعد انھیں عبوری طور پر کرکٹ سے معطل کردیا گیا تھا۔