پریانکا چوپڑا خوف میں مبتلا کیوں؟

April 20, 2021

بالی ووڈ سمیت ہالی ووڈ میں بھی اپنے ٹیلنٹ کا لوہا منوانے والی اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی بھارت میں کورونا وائرس کی خطرناک صورتحال دیکھ کر خوف میں مبتلا ہوگئیں۔

اس ضمن میں پریانکا چوپڑا نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

پریانکا چوپڑا نے اپنے انسٹا پیغام میں کہا کہ ’بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال انتہائی خطرناک اور ناگوار ہے۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے بھارت کے مختلف حصوں کی کورونا وائرس کی تصاویر اور ویڈیوز دیکھی ہیں جو بہت خوفناک ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اب حالات ہمارے قابو سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ہمارا طبی عملہ ایک اہم مقام پر اپنی جان خطرے میں ڈالے کھڑا ہے۔‘

پریانکا چوپڑا نے بھارتیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم! اپنے خاطر، اپے پیاروں، دوستوں، پڑوسیوں، طبی عملہ اور ملک کی خاطر اپنے گھروں میں رہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ہمارے ڈاکٹرز بھی بار بار یہی ہدایت کررہے ہیں کہ ماسک پہنیں، گھروں میں رہیں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور کورونا ویکسین لگوائیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں کورونا وائرس کی اس خطرناک صورتحال کو آسان نہیں لینا چاہیے۔‘

واضح رہے کہ اس وقت بھارت میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں بےتحاشہ اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کیسز سامنے آرہے ہیں اور اموات ہورہی ہیں۔