زمبابوے سے آج پہلا ٹی ٹوئنٹی،بابر اعظم کیلئے کوہلی سے عالمی ریکارڈ چھیننے کا موقع

April 21, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا جیسے مشکل حریف کو اس کے گرائونڈز پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین ایک سے ہرانے کے بعد پاکستان کو کمزور حریف زمبابوے کے خلاف بدھ سے تین میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔ پاکستان کچھ کھلاڑیوں کو آرام دے کر بعض نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتا ہے۔ کپتان بابر اعظم اپنے بھارتی ہم منصب ویرات کوہلی کا ایک اور عالمی ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بدھ کوہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دوبجے شروع ہوگا۔ پاکستان شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینا چاہتا ہے ان کی جگہ محمد وسیم کو کھلانے کی تجویز ہے۔ دانش عزیز اور محمد حسنین کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے۔ حسن علی کو روٹیشن پالیسی کے تحت کھلایا جائے گا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک ہونے والی پانچ سیریز اور مجموعی طور پر14ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کامیاب رہا ہے۔ پاکستان اپنی آخری تینوں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت چکا ہے ۔ زمبابوے پندرہ ماہ بعد ہوم گرائونڈ پر کوئی سیریز کھیل رہا ہے ۔ اسےآخری تین سیریز میں پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مصباح الحق کا کہنا کہ ٹیم میں غیر ضروری تبدیلی بھی نہیں کی جاسکتی، کہنے والے کہتے ہیں پوری بنچ اسٹریتھ کھلادیں ، اگر نتائج خراب ہوئے تو شکست کی ذمے داری سب ٹیم انتظامیہ پر ڈال دیں گے۔ پاکستان ٹیم کا مومینٹم اچھا بناہوا ہے، اس کو برقرار رکھیں گے، کمزور ٹیموں کیخلاف کھیلتے ہوئے زیادہ پریشر ہوتا ہے کیوں کہ توقعات زیادہ ہوتی ہیں۔ جنوبی افریقاسے یہاں کی کنڈیشنزمختلف ہیں۔ دریں اثنا کپتان بابراعظم کو اس فارمیٹ میں اپنے دوہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 60 رنز درکار ہیں۔وہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں یہ کارنامہ سرانجام دے دیتے ہیں تو وہ تیزترین 2000 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے بیٹسمین بن جائیں گے۔ وہ 49 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 48.50 کی اوسط سے 1940 رنزبناچکے ہیں۔ اس وقت 56 اننگز کے ساتھ یہ ریکارڈ ویرات کوہلی کےپاس ہے۔ عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان262 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ تینوں میچز جیتنے پر اسے ایک پوائنٹ ملے گا لیکن ایک میچ ہارنے پردو پوائنٹس گنوانے پڑیں گے۔