رض احمد کی اہلیہ کو پروپوز کرنے کی دلچسپ کہانی

April 21, 2021

پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد نے اہلیہ فاطمہ فرحین مرزا کو متاثر کرنے کیلئے کھیل کھیل میں شادی کی پیشکش کی تھی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔

اداکار رض احمد گزشتہ سال امریکی ناول نگار فاطمہ فرحین مرزا کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ اہلیہ کو متاثر کرنے کے لیے اسکریبل کھیلتے ہوئے پروپوز کیا تھا لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے کیونکہ وہ اسے صرف ایک مذاق سمجھیں۔

اداکار نے اپنی شادی کے پروپوزل کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ’لاک ڈاؤن کے دوران ایک ہلکی سی پکنک منانے ہم ایک پارک گئے ہوئے تھے جب میں نے فاطمہ سے شادی کے حوالے سے پوچھا جس کے جواب میں انہوں نے معنی خیز انداز میں مجھے دیکھا اور کہا کہ آپ لازماً مذاق کررہے ہیں۔

رض نے مزید کہاکہ ’شاید جس طرح سے میں نے پروپوز کیا وہ میرے لیے زیادہ مددگارثابت نہ ہوسکا کیونکہ وہ ناول نگار ہیں اور انہیں لفظوں کا استعمال بہت اچھا آتا ہے۔‘

اداکار نے بتایا کہ ’اہلیہ کو اسکریبل کھیلنا پسند ہے، چنانچہ میں نے حرف چوری کیے اور انہیں ترتیب دیتے ہوئے لکھا ’کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟‘

بعد ازاں، فاطمہ فرحین مرزا رض احمد کے ساتھ اپنی زندگی کا آغاز کرنے پر راضی ہوگئیں، دونوں نے گزشتہ سال سادگی سے شادی کرلی ہے۔

واضح رہے کہ 38 سالہ اداکار رض احمد جن کا پورا نام رضوان احمد ہے، ان کا تعلق ایک پاکستانی نژاد برطانوی خاندان سے ہے جو لندن میں پیدا ہوئے۔

انہیں اپنی لمیٹڈ سیریز ’دی نائٹ آف‘ کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے یہی نہیں بلکہ رض احمد بہترین اداکار کیلئے آسکر میں نامزد ہونے والے پہلے مسلمان اداکار ہونے کا اعزاز بھی اپنے پاس رکھتے ہیں۔

ایمی ایوارڈ کے میلے میں رضوان احمد کو بہترین اداکار کا ایوارڈ کرائم ڈراما سیریز ’دا نائٹ آف‘ میں غیر معمولی اداکاری پرملا۔ انہوں نے اس ڈرامے میں پاکستانی طالب علم کا کردار ادا کیا تھا۔