پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رضوان احمد عرف رِض احمد نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کی پُرزور مذمت کردی۔
رضوان احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پراسٹوری پوسٹ کی جس میں کشمیر کے حق میں آواز بلند کی گئی ۔
34 سالہ اداکار نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ’بھارتی آئین میں مقبوضہ کشمیر کی خودمختاری کی ضمانت دینے والے آرٹیکل 370کو منسوخ کرنا بھارت کی جانب سے ایک انتہائی شرمناک قدم ہے ۔
اس سے قبل بھی رضوان احمد کی جانب سے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم اور جبری نقل مکانی کی خبروں پر اظہار تشویش کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رضوان احمد جنوبی ایشیاء کے پہلے مسلمان اداکار ہیں جنہیں ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔
ایمی ایوارڈ کے میلے میں رضوان احمد کو بہترین داکار کا ایوارڈ کرائم ڈراما سیریز ’دا نائٹ آف‘ میں غیر معمولی اداکاری پرملا۔ انہوں نے اس ڈرامے میں پاکستانی طالب علم کا کردار ادا کیا تھا۔