بیلجیئم سے آنے والے بوئنگ طیارے کی دوحہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

April 22, 2021

یورپی ملک بیلجیئم سے قطر آنے والی پرواز کے بوئنگ 737 میکس 8 طیارے کو مواصلاتی ایمرجنسی کی بنیاد پر دوحہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

رات گئے دوحہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد طیارے کو ایئرپورٹ کے ایک کونے میں کھڑا کردیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق برسلز ایئرپورٹ سے دوحہ کی پرواز میں لینڈنگ سے سوا گھنٹہ قبل مواصلاتی ایمرجنسی ہوئی۔ مسافر بردار طیارہ ہنگامی سگنل کے وقت خلیج فارس پر محو پرواز تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول نے پرواز JAF5TD کو دبئی کے قریب سمندر پر 35 منٹ تک ہولڈ کرایا۔ بوئنگ 737 میکس 8 نے چکر کاٹنے کے بعد قطر کے دوحہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر باحفاظت اترنے کے بعد طیارے کو رن وے کے آخری کونے میں کھڑا کیا گیا ہے۔ بوئنگ 737 میکس 8 کا متعلقہ ٹیم کی جانب سے معائنہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ 2019 میں دو خوفناک حادثوں کے بعد بوئنگ 737 میکس 8 کو دنیا بھر میں گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔ بوئنگ کمپنی کی جانب سے نقص دور کیے جانے کے دعوے کے بعد حال ہی میں مختلف ایئر لائن نے بوئنگ 737 میکس کی آزمائشی پروازیں شروع کی ہیں۔