ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی جا ئے،فائق شاہ

May 05, 2021

پشاور( وقائع نگار) امن ترقی پارٹی ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے اور مکمل عملدرآمد کیلئے خاکہ پیش کر چکی ہے، کسانوں اور کاشتکاروں کو آسان شرائط پر بلاسود قرضے دیئے جائیں، ان خیالات کا اظہار چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کسانوں و کاشتکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی عہدیدار بھی موجود تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد فائق شاہ نے کہا کہ زرعی تحقیقاتی کونسل کو فعال کرکے کسانوں کی رہنمائی کی جائے تاکہ ملک میں خوراک کی کمی، روز روز کے گندم چینی سکینڈل اور دیگر اشیائے خوردونوش کی کمی کا سامنا نہ ہو، بد قسمتی سے ایک زرعی ملک گندم درآمد کر رہا ہے، اور مافیاز اربوں روپے سمیٹ رہے ہیں، اس سے نجات کیلئے کسانوں کو مضبوط کرنا ہو گا، محمد فائق شاہ نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کی زمینوں پر جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے، کسانوں کا استحصال کیا جاتا ہے جس سے مایوسی جنم لے رہی ہے، پیدوار کا ہدف مقرر کرکے کسانوں کو معاونت فراہم کی جائے تاکہ نتائج پیدا ہو سکیں۔