غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست پر ایس بی سی اے سے وضاحت طلب

May 06, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے نارتھ کراچی سیون ڈی ٹو میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر ڈائریکٹر جنرل سند ھ بلڈنگ کنٹرو ل اتھارٹی(ایس بی سی اے ) کو24مئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر صوررتحال کی وضاحت دینے کی ہدایت کردی۔ بدھ کو جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے شہر میں غیر قانونی تعمیرات کےخلاف فرقان نامی شہری کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر عدالت نے غیر قانونی تعمیرات رکوانے میں ناکامی پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے ،ڈی جی بتائیں، عدالتی فیصلوں پر عمل کیوں نہیں ہو رہا؟اس موقع پر درخواست گزارنے عدالت کو آگاہ کیا کہ نارتھ کراچی سیون ڈی ٹو میں غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں اور اس کے گھر کے برابر میں اونچی عمارت کھڑی کردی گئی ہے ،بلند عمارت کی تعمیر سے اس کی پرائیوسی متاثر ہو رہی ہے ۔