کورونا سے دنیا بھر میں غربت بڑھی،اسلامک ریلیف

May 06, 2021

لندن (جنگ نیوز) اسلامک ریلیف یوکے، کے عبوری ڈائریکٹر ضیاء سالک نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے سبب دنیا بھر میں غربت میں اضافہ ہوا ہے اور اس رمضان میں جمع ہونے والے عطیات سے دنیا بھر میں30سے زائد ملکوں میں غربت کا شکار افراد کے علاوہ برطانیہ میں بھی ضرورت مندوں کی مدد بھی کی جارہی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ اسلامک ریلیف1984ء سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے، اس سے قبل دنیا کے بعض مقامات پر ہنگامی حالات کے پیش نظر برطانیہ میں عطیہ کرنے والوں سے اپیل کی جاتی تھی لیکن گزشتہ ایک برس کے دوران وبا نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔ پاکستان، شام اور یمن سمیت دیگر ممالک میں لوگوں کو جو حالات پیش آئے وہ ہی برطانیہ میں بھی نظر آئے، لوگوں کی نوکریاں چلی گئیں اور بڑی تعداد میں اموات واقع ہوئیں۔ اس لیے اسلامک ریلیف نے اس رمضان میں ’’وی آر ون کمپین‘‘ چلائی، کیونکہ پوری مسلم امہ ایک جسم کی مانند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس رمضان میں اسلامک ریلیف نے9لاکھ افراد کو کھانے پینے کی اشیا فراہم کی تھیں، برطانیہ میں ایسے افراد کی مدد کی جارہی ہے جو آمدنی کے ذرائع سے محروم ہوگئے ہیں اور انہیں بنیادی اشیا کی خریداری اور بلز کی ادائیگی کے لیے رقم درکار ہے۔ لوگوں کو ایمرجنسی گرانٹس کے تحت نصف ملین پائونڈ کی رقم سے مدد کی گئی ہے۔ فوڈ بینک کی بھی مدد کی جارہی ہے، لوگوں کو اپنے پیاروں کی تدفین کے حوالے سے بھی مسائل درپیش ہیں، انہیں بھی مدد فراہم کی جارہی ہے۔ ضیاء سالک نے بتایا کہ گزشتہ برس مجموعی طور پر13.8ملین افراد کی مدد کی کی گئی اور72ہزار یتیم بچوں کو انسپانسر کیا گیا، دریں اثناء اسلامک ریلیف پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عمیر حسن کا کہنا تھا کہ اس رمضان میں پاکستان کے طول وعرض میں13ہزار خاندانوں یعنی80ہزار افراد تک فوڈ پیک پہنچائے ہیں۔ جن افراد کو مدد فراہم کی جارہی ہے ان میں ضعیف، مقدمہ، بیوہ خواتین کے علاوہ بے سہارا افراد خاص طور پر خواجہ سرا وغیرہ شامل ہیں۔