آج ٹوری امیدوار بھاری اکثریت سے جیتیں گے، سجاد کریم

May 06, 2021

بولٹن (نمائندہ جنگ) سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم نے کہا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی آج 6 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگی ، انہوں نے یہ بات بولٹن میں گریٹ لیوروارڈ سے ٹوری پارٹی کے امیدوار مظفر ملک اور ہپرگرین وارڈ س راجہ فرید کی مشترکہ انتخابی مہم سے مکہ مسجد کے باہر پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی، اس موقع پر ٹوری پارٹی کے سابق کونسلر راجہ محمد ادریس، راجہ انصار حسین، محبوب شیخ، افتخار احمد ایڈووکیٹ، راجہ شیر بہادر، چوہدری الطاف گلہاروی اور دیگر موجود تھے، سجاد حیدر کریم نے کہا کہ برطانیہ کے دیگر علاقوں کی طرح نارتھ ویسٹ میں ٹوری پارٹی تمام اقلیتوں اور خصوصاً تعلیم یافتہ اور پروفیشنل نوجوانوں کو تمام تر مواقع فراہم کئے ہیں تاکہ وہ برطانیہ میں تمام تر اقلیتوں کی بھرپور نمائندگی کرسکیں۔ انہوں نے کہا ٹوری پارٹی نہ تو جھوٹے وعدوں پر یقین رکھتی ہے اور نہ ہی عوام کے کسی طبقے کو محروم دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا ایشیائی اور خصوصاً مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ ٹوری پارٹی کا حصہ بن کر اس کے تمام تر نظام کو پرکھیں اور اس میں اپنے بہترین کردار کا خود تعین کریں۔ اس موقع پر راجہ محمد ادریس نے لیبر پارٹی پر الزام لگایا ہے کہ اس کی ماضی میں غیر مساوی پالیسیوں سے ایشیائی کمیونٹی کو مایوس اور نظرانداز کیا جاتا رہا ہے جب کہ ٹوری پارٹی جب سے اقتدار میں آئی ہے ایشیائی کمیونٹی کے حقوق کو نمایاں طور پر پیش کیا ہے۔ بولٹن کونسل میں پہلے ایشیائی کونسلر کا اعزاز حاصل کرنے والے راجہ انصار حسین نے کہا کہ ماضی میں بولٹن کونسل میں گریٹ لیوروارڈ کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا مگر اب وقت آگیا ہے کہ عوام تبدیل کیلئے 6 مئی کو اپنا فیصلہ سنائیں تاکہ آنے والے دنوں میں ان کے مسائل حل کئے جائیں۔