کوروناکے باعث ترقیاتی منصوبوں کی رفتار سست نہیں ہونے دینگے، کمشنر ملتان

May 06, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے قومی تعمیر نو کے محکموں کو ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ کورونا صورتحال کی وجہ سے ترقیاتی رفتار سست نہیں ہونے دیں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کمشنر آفس میں منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔کمشنر جاوید اختر محمود کی صدارت میں ڈویژنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سمیت ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرزنے بھی شرکت کی،کمشنر نے الٹی میٹم دیا کہ مالی سال کے اختتام سے قبل سکیمیں مکمل نہ کرنے والے افسران احتساب کیلئے تیار رہیں ،اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ارب 84 کروڑ 70لاکھ سے زائدرقم مختص کی گئی ہے،جبکہ کفایت شعاری مہم کے تحت ڈویژن کے منصوبوں میں 21کروڑ روپے جبکہ ملتان کی سکیموں میں 12کروڑ30لاکھ روپے کی بچت کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل ڈویلپمنٹ پروگرام میں این اے کی 99اور پی پی کی 230 سکیمیں شامل کی گئیں جبکہ ایس اے پی پروگرام کیلئے 73کروڑ 70لاکھ روپے مختص کرکے 468سکیمیں مکمل کی گئیں۔ وقاص خاکوانی کا کہنا تھا کہ ایس اے پی فیز ٹو میں سوئی گیس کے 9میگا پروجیکٹ بھی شامل کئے جارہے ہیں۔بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد نے کہا کہ متی تل، عیدگاہ روڈ سمیت شاہراؤں کی اپ گریڈیشن کیلئے کام شروع ہوچکا ہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز وہاڑی،خانیوال اور لودھراں نے متعلقہ منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔