کورونا پیغام، علی ظفر نے بھارتی ویب سائٹ کو جواب دے دیا

May 09, 2021

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کے گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بھارتی ویب سائٹ کو جواب دے دیا ہے۔گلوکار علی ظفر نے بھارت کے لئے ویڈیو پیغام میں اظہار ہمدردی اور دعا کی جسے بھارتی ویب سائٹ نے شائع کیا۔علی ظفر نے بھارتی ویب سائٹ کے اس عمل پر ٹوئٹر پر لکھا کہ ہمیشہ پیار،امن اور دعائیں۔واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔گلوکارعلی ظفر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی۔علی ظفر کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ بھارت کے لوگ جس مشکل سے گزر رہے ہیں اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔علی ظفر نے کہا کہ یہاں پاکستان میں بھی لوگ پریشان ہیں لیکن شاید یہی مشکل گھڑیاں ہوتی ہیں جن سے ہم سیکھتے ہیں کہ انسانیت کیا ہوتی ہے اور انسانیت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب پاکستانی بھارت کے لئے دعاگو ہیں کہ خدا آپ کو تندرستی عطا فرمائے، آپ کی جلد از جلد مشکلات ختم ہوجائیں اور خوشحالی آئے،یہی دعا تمام پاکستانی اور تمام انسانوں کے لئے ہے۔علی ظفر نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو کی کیپشن میں لکھا کہ اگر ہم ایک دوسرے سے ہمدردی نہیں رکھتے تو ہمیں خود کو انسان کہلانے کا کوئی حق نہیں خاص طور پر اس مشکل وقت میں۔اس وقت ضرورت ہے آپس میں رابطہ قائم کرنے کی،دعائیں کرنے کی اور ایک دوسرے کی جو ہوسکے مدد کرنے کی۔