میپکو ریکوری ٹیم پر تشدد،یرغمال بنانے کا الزام، 10 افراد پر مقدمہ درج

May 09, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) احمد یار سب ڈویژن قبولہ کی ریکوری ٹیم پر نادہندہ ٹیوب ویل صارف کا مسلح افراد کے ہمراہ تشدد، 10نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کروادیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ایس ڈی او میپکو احمد یار سب ڈویژن قبولہ عبدالمالک کی سربراہی میں لائن مین فرسٹ عبدالرزاق، منظور شاہ، محمد واصل، اسسٹنٹ لائن مین علی رضا اور محمد عامر پر مشتمل ٹیم نے سکنہ طراب ارجن کا میں اکاؤنٹ نمبر بنام محمد حسین سے 24لاکھ75ہزار روپے واجبات وصولی کے لئے آپریشن کیا۔ ریکوری مہم کے سلسلہ میں ٹرانسفارمر اور میٹر اتارنے لگے تو ڈیفالٹر محمد حسین نے 10نا معلوم افراد کے ہمراہ اسلحہ کے زور پر میپکو کی ٹیم کو یرغمال بنالیا۔گالم گلوچ کی اور زدوکوب کیا۔ ڈنڈوں سے مارتے رہے۔محمد حسین ولد موہری، محمد بشیر، محمد امیر اور 10نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کروادیاگیا۔