سنبل کے جانے سے دو بہنوں کی حسین جوڑی ٹوٹ گئی: بشریٰ انصاری

May 12, 2021

حال ہی میں کورونا وائرس کی وجہ سے اپنی بہن کو کھودینے والی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ سنبل شاہد کے جانے سے اُن کی دو بہنوں کی خوبصورت جوڑی ٹوٹ گئی ہے۔

بشریٰ انصاری نے اپنی مرحومہ بہن سنبل شاہد کی یاد میں اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماضی کی حسین یاد شیئر کی ہے جس میں اُن کی دونوں بہنوں سنبل شاہد اور نیلم احمد بشیر کو دیکھا جاسکتا ہے۔


سینئر اداکارہ نے یادگار تصویر کے کیپشن میں بتایا کہ ’تصویر میں سنبل کے ساتھ نیلم احمد بشیر موجود ہیں۔‘

اُنہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ ’دونوں بہنوں کی حسین جوڑی ٹوٹ گئی۔‘

بشریٰ انصاری نے مزید لکھا کہ ’سنبل! میری بہن ہم تمہیں بہت یاد کرتے ہیں، تمہارے بغیر دُنیا اور زندگی دونوں ہی بےرنگ ہیں۔‘

اس سے قبل بھی بشریٰ انصاری نے اپنی بہنوں سنبل شاہد اور نیلم احمد بشیر کی جوانی کی دلکش تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی۔


واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے عالمی وبا کورونا کا مقابلہ کرنے والی پاکستان کی نامور اداکارہ سنبل شاہد انتقال کر گئیں وہ اداکارہ بشری انصاری اور اسما عباس کی بہن تھیں۔

سنبل شاہد کو ایک ماہ پہلے کورونا ہوا تھا اور بشریٰ انصاری اور اسما عباس نے عوام سے اپنی بہن کی صحتیابی کیلئے کئی بار دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ سنبل شاہد نے جیو کے مقبول ڈراموں ملکہ عالیہ، عشقہ وے میں کام کیا تھا، اس کے علاوہ سنبل شاہد نے جیو کی ڈرامہ سیریل تاکے کی آئیگی بارات میں تاکے کی ماں کا مقبول کردار نبھایا تھا۔