عمران خان کی کرپشن کیخلاف مہم قوم کے ساتھ فراڈ ہے، بلاول بھٹو

May 12, 2021

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ فراڈ ہے، یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی انتقام کیلئے منی لانڈرنگ اورکرپشن کا جھوٹا واویلا کیا اور ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچادیا۔


انہوں نے کہا کہ شرمندگی کا مقام ہے پاکستان فیٹف گرے لسٹ سے نہ نکل سکا، پیپلزپارٹی نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے مؤثر حکمت عملی بنائی تھی اگر عمران خان اس پر ہی عمل کرلیتے تو ملک کا فائدہ ہوجاتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ملک کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ دلوایا تھا، اسے بھی عمران خان نے داؤ پر لگادیا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ فراڈ ہے، مافیا کے سرپرست عمران خان کے احتساب کے جھوٹے نعرے کا پول کھل چکا، عوام اب اس جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی مسلسل نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتی رہی مگر حکومت نے ایسا نہ کیا اور معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات پڑے۔

بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں وزیراعظم کی قوم سے ٹیلی فونک گفتگو کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم صاحب، فون پر ہیلو ہیلو کے ڈرامے سے منہگائی ختم نہیں ہوسکتی۔