میا خلیفہ بھی فلسطینیوں کے حق میں بول پڑیں

May 12, 2021

عالمی شہرت یافتہ میا خلیفہ نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے کے خلاف سوشل میڈیا پر اپنی آواز بُلند کی ہے۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں پر جاری وحشیانہ بمباری کے خلاف جہاں پاکستانی شوبز ستارے اپنی آواز بلند کررہے ہیں تو وہیں غیر ملکی فنکار بھی بھرپور انداز میں انسانیت کے لیے بول رہے ہیں۔

میا خلیفہ نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

میا خلیفہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’وہ صرف یہ دیکھ رہی ہیں کہ امریکا انسانیت کے خلاف جرائم میں سالانہ 3 اعشاریہ 8 بلین ڈالرز کی مالی اعانت فراہم کررہا ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’FreePalestine‘ کا بھی استعمال کیا جس کا مطلب ہے ’فلسطین کو آزاد کرو۔‘

میا خلیفہ کے اس ٹوئٹ کو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس قدر سراہا گیا کہ رات بھر میا خلیفہ کا نام ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست میں شامل رہا۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے، 13 بچے اور مزاحمتی تنظیموں کے کئی رہنما بھی شہداء میں شامل ہیں، ایک ہزار سے زائد افراد زخمی، درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بنادی گئی ہیں۔

حماس کی جانب سے بھی جواب میں راکٹوں کی برسات ہوئی جس کے نتیجے میں اشکیلون میں تیل کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، بس تباہ، تین اسرائیلی ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوگئے۔