• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد الاقصیٰ حملے پر سب خاموش کیوں ہیں؟ نور بخاری کا فنکاروں سے سوال

شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ نور بخاری نے مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدہ صورتحال پر مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد الاقصیٰ حملے پر سب خاموش کیوں ہیں؟ ہمارے فنکار اب اپنی آواز کیوں بُلند نہیں کر رہے؟

سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک رہنے والی نور بخاری نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مسجد الاقصیٰ حملے کی ایک دل دہلا دینے والی تصویر شیئر کی ہے۔


نور بخاری نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’اسرائیل نے مسجد الاقصیٰ پر اُس وقت حملہ کیا کہ جب ہمارے مسلمان بہن بھائی نماز ادا کر رہے تھے لیکن اس افسوسناک واقعے پر سب کیوں خاموش ہیں؟‘

اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’خُدا کے لیے اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے آواز اُٹھاؤ۔‘

سابقہ اداکارہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے فنکار اور معروف شخصیات کیوں خاموش ہیں؟ کیوں ابھی تک کسی کا ٹوئٹ سامنے نہیں آیا؟‘

نور بخاری نے مزید کہا کہ ’خدا کے لیے آواز اُٹھاؤ ورنہ تباہی ہمارا مقدر بن جائے گی۔‘

واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں کئی روز سے جاری کشیدگی کے بعد رمضان کی 27 ویں شب کے موقع پر بھی عبادت کرتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے اسٹن گرنیڈز اور ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ کی جس سے تازہ جھڑپوں میں مزید 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ 

اس سے قبل جمعے کو بھی 300 سے زائد فلسطینی جھڑپوں میں زخمی ہوگئے تھے۔

تازہ ترین