معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدہ صورتحال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاموش میڈیا اور دُنیا بھی فلسطینیوں پر ظلم کر رہی ہے۔
اُشنا شاہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’اسرائیلی فوج کے علاوہ عالمی میڈیا اور پوری دُنیا بھی فلسطینی عوام کے ساتھ ظلم کر رہی ہے۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’اتنا بڑا اور افسوسناک واقعہ ہوجانے کے باوجود بھی پوری دُنیا خاموش بیٹھی ہے۔‘
اُنہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مسجد الاقصیٰ حملے پر سب کی خاموشی دُنیا کی تاریخ میں شرمناک واقع ہوگا۔‘
اس سے قبل سابقہ اداکارہ نور بخاری نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں سوال اُٹھائے تھے کہ کہ مسجد الاقصیٰ حملے پر سب خاموش کیوں ہیں؟ ہمارے فنکار اب اپنی آواز کیوں بُلند نہیں کر رہے؟
واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں کئی روز سے جاری کشیدگی کے بعد رمضان کی 27 ویں شب کے موقع پر بھی عبادت کرتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے اسٹن گرنیڈز اور ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ کی جس سے تازہ جھڑپوں میں مزید 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
اس سے قبل جمعے کو بھی 300 سے زائد فلسطینی جھڑپوں میں زخمی ہوگئے تھے۔