برطانیہ میں کورونا الرٹ کی سطح 4 سے کم کرکے 3 کردی گئی

May 13, 2021

لندن(پی اے ) برطانیہ میں اب جبکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی جارہی ہے ماہرین کے مشورے پر کورونا الرٹ کی سطح 4 سے کم کرکے3 کردی گئی ہے ،تاہم 3 کی سطح سے بھی یہی ظاہرہوتاہے کہ وائرس اگرچہ اب بھی فضا میں موجود ہے لیکن اس کی شرح بہت زیادہ نہیں ہے ، کورونا الرٹ کی سطح میں کمی وزیر اعظم کی جانب سے لاک ڈائون میں نرمی کرتے ہوئے پبس میں اندر بٹھاکر لوگوں کی میزبانی کی اجازت دینے کے اعلان سے قبل کیاگیاہے وزیراعظم اپنے خطاب میں دوستوں اورفیملی سے گلے ملنے کی بھی اجازت دے سکتے ہیں ،وزیراعظم اپنے خطاب میں اس بات کی بھی تصدیق کرسکتے ہیں کہ انگلینڈ میں دوسرے مرحلے میں لاک ڈائون کی پابندیاں مکمل طورپر اٹھالی جائیں گی۔چیف میڈیکل افسر نے ایک بیان میں کہاہے کہ الرٹ کی سطح میں کمی عوام کی جانب سے کورونا کی شرح کم کرنے کی کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوئ ہے۔انگلینڈ،اسکاٹ لینڈ ،شمالی آئرلینڈ اور ویلز کے چیف میڈیکل افسران نے این ایچ ایس انگلینڈ کے نیشنل میڈیکل ڈائریکٹر اسٹیفن پائوز کے ساتھ کہاہے کہ ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی آمد اوراموات سب میں کمی آچکی ہے اورویکسین کے مطلوبہ حفاظتی اثرات ظاہرہونے لگے ہیں جبکہ برطانیہ کی ایک تہائی آبادی کو ویکسین لگائی جاچکی ہے ۔جبکہ ان میں سے دوتہائی کو ویکسین کی دوسری خوراک بھی لگادی گئی ہے تاہم چونکہ کورونا کا وائرس اب بھی موجود ہے اس لئے لوگوں کو اس کاشکار بننے سے بچنے اور اس کو پھیلانے کے حوالے سے ہوشیار رہنا چاہئے ،ماہرین کا کہنا ہے کہ وبا عالمی سطح پر موجود رہے گی ،وزیر صحت نیڈین ڈورس نے بتایا ہے کہ ڈیٹا سے سب کچھ انتہائی مثبت نظر آرہاہے جب ان سے سوال کیاگیا کہ کیا حکومت کی ہدایات تبدیل کی جائیں گی اور لوگوں کو دوستوں اور فیملی کے ارکان سے جو ایک ہی گھر میں نہیں رہتے گلے ملنے کی اجازت دیدی جائے گی تو انھوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے سے گلے ملنا بھول چکے ہیں ہم ایک دوسرے کے قریب آنے کو ترس گئے ہیں مجھے امید ہے کہ اب ہمیں گھروں میں ایک دوسرے سے گلے ملنے اور آپس میں مل بیٹھنے کی اجازت مل جائے گی۔ بی بی سی سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ قدم بہت احتیاط سے اٹھانا چاہئے اور کمزور لوگوں کو جو وائرس کا ایک مرتبہ شکار بن سکتے ہیں کے تحفظ کی کوشش کرنی چاہئے ،پروفیسر کاتھ نوکس کا کہناہے کہ اگر لوگوں سے گلے ملنے کی اجازت دی گئی تو بھی یہ مشروط اور مختصر ہونی چاہئے اور لوگوں کو وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے دوبدو ملنے سے گریز کرنا چاہئے۔لاک ڈائون ہٹانے سے متعلق حکومت کے منصوبے کے تحت تیسرے مرحلے میں 30 افراد تک کے گروپوں کو گھروں سے باہر ملنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ 6 افراد یا دو گھروں کے افراد گھر کے اندر بھی مل سکیں گے ،توقع ہے کہ لوگوں کو دوسروں کے گھروں میں رات بسر کرنے کی بھی اجازت دے دی جائے اور پبس،ریسٹورنٹس اور میزبانی کے دیگر مقامات جن میں سینما ہلکے پھلکے کھیل شامل ہیں کی اجازت بھی دیدی جائے اس کے علاوہ انڈور گروپ اسپورٹس اور ورزش کی کلاسوں کی بھی اجازت دیدی جائے گی۔30 افراد تک کو شادی اور استقبالیہ کی دعوتوں اور لوگوں کی آخری رسومات میں شرکت کی بھی اجازت دی جاسکتی ہے ،غیر ملکی تعطیلات کا دور بھی واپس آجائے گا ،جمعہ کو حکومت 12 مقامات کو انگلینڈ کے سفر سے متعلق گرین لسٹ میں شامل قرار دے چکی ہے جس کے معنی یہ ہیں کہ ان ملکوں سے واپس آنے والوں کو17 مئی سے قرنطینہ نہیں ہوناپڑے گا،لاک ڈائون ختم کرنے کے ہر مرحلے کا اعلان چند ہفتوں کے وقفے سے کیاجائے گاتاکہ سائنسدانوں سابقہ تبدیلوں کے نتائج کا اندازہ لگانے کا وقت مل سکے ،دوسرے مرحلے میں غیر ضروری اشیا کی دکانیں کھولنے اور پبس اور ریسٹورنٹس کو آئوٹ ڈور گاہکوں کی خدمات انجام دینے کی اجازت دی جائے گی۔