ٹیسٹ رینکنگ: بابر اعظم کی ایک درجہ تنزلی،10ویں نمبر پر آگئے

May 13, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اگرچہ بابراعظم کی قیادت میں پہلی بار ملک سے باہر ٹیسٹ سیریز جیتی لیکن بحیثیت بیٹسمین یہ سیریز ان کے لیے بڑی مایوس کن رہی۔ پاکستانی ٹیم نے دونوں ٹیسٹ اننگز کے فرق سے جیتے جس کی وجہ سے بابر اعظم کو صرف دو بار بیٹنگ کا موقع ملا اور دونوں بار وہ ڈبل فیگرزمیں آنے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئے۔ پہلے ٹیسٹ میں وہ پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے تھے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں وہ آٹھ گیندوں پر دو رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم ایک درجہ مزید تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئےہیں۔ سنچری میکر اظہر علی چار درجے بہتری کے بعد 16 نمبر پر آ گئے ہیں۔ بولنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا پہلا نمبر برقرارہے۔ ٹاپ ٹین میں پاکستان کا کوئی بولر شامل نہیں ہے۔ آل رائونڈرز میں ویسٹ انڈیز کے جیس ہولڈر کی پہلی پوزیشن برقرارہے۔ ہرارے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے عابد علی نے 38 درجے بہتری کے بعد 40 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ نعمان علی نے بیٹنگ میں بھی رینکنگ بہتر کی نعمان علی نے 97 رنز کی اننگز کھیلی 35 درجے بہتری کے بعد بیٹنگ میں 116 نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولنگ میں فاسٹ بولروں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی جبکہ اسپنر نعمان علی نے کیریئر میں اپنی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ہے۔ تینوں بولرز اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں لینے میں بھی کامیاب رہے۔ حسن علی چھ درجے بہتری کے بعد 14 ویں نمبر پر آگئے۔شاہین شاہ آفریدی 9 درجے بہتری کے بعد 22 ویں اور نعمان علی 54 سے 46 ویں نمبر پہنچ گئے ہیں۔