اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ، غزہ کی تعمیر نو کیلئےعالمی فنڈ قائم کیاجائے، سراج الحق

May 22, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالم اسلام اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کرے اور متحد ہو کر فلسطین کو صیہونی ظلم و استبداد سے آزاد کرایا جائے۔ غزہ کی تعمیر نو کے لیے بین الاقوامی فنڈ کا قیام وقت کا ایک اہم ترین تقاضا ہے، مسئلہ فلسطین پر او آئی سی نے کمزور موقف اپنایا،روہنگیا کے قتل عام کا مسئلہ ہو یا کشمیریوں اور فلسطینیوں پر اندوہناک مظالم، یو این او نے ہمیشہ تماشا دیکھا، پاکستان عالم اسلام کا سب سے طاقتور ملک مگر ہمارے حکمران بزدل ہیں۔ جمعہ کووفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک میں لبیک القدس ملین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مسئلہ فلسطین پر او آئی سی نے کمزور موقف اپنایا۔ انہوں نے کہا وہ ممالک جنہوں نے اسرائیل کو قبول کیا وہ صیہونی غیر قانونی ریاست کا بائیکاٹ کر دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ فلسطین دنوں میں آزاد نہ ہو ، جماعت اسلامی کی اپیل پر لاکھوں لوگوں نے فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کر کے دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ صہیونی دہشت گرد اب مزید فلسطینیوں کو اپنا غلام نہیں رکھ سکتے، انہوں نے کہافلسطین کاز کو آگے بڑھانے کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد جاری رکھے گی۔ 23 مئی کو کراچی اور 30مئی کو پشاور میں القدس ملین مارچ کا اہتمام کیا جائے گا۔