ویکسین لگوانے والوں کیلئے مراعات کی تجویز زیر غور

June 06, 2021

وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ شہری افواہوں پر کان نہ دھریں، کورونا ویکسین لگوائیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ ویکسین لگوانے والوں کو مختلف مراعات دینے پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی 11 کروڑ میں سے کم از کم 50 فیصد کو ویکسین لگنا ضروری ہے، اس کا کوئی نقصان نہیں، نقصان ہوتا تو دنیا ویکسین نہ لگواتی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خانیوال میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8 اور وہاڑی میں 10 فیصد ہے، ان اضلاع میں صورتحال پریشان کن ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ کورونا ضوابط اور پابندیاں برقرار ہیں، لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 3 جبکہ پنجاب میں 2 فیصد پر آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 1 لاکھ 80 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی، کورونا ویکسین کی کمی نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ شریف برادران دس سال میں ایک اسپتال نہ بنا سکے جہاں اپنا علاج کروا سکتے، علاج کے بہانے وہ باہر جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ آئندہ جمعے کو مساجد میں ویکسین پر خطبے ہوں گے، کورونا ایس او پیز اور پابندیاں برقرار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے اور اتوار کے دنوں میں مکمل لاک ڈاون کا سلسلہ برقرار ہے۔