دلت برادری کے ریپر توروک آکسفورڈ یونیورسٹی کی فیس جمع کرنے میں کامیاب

June 12, 2021

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں دلت برادری سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ ریپ گلوکار کا برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب پورا کرنے کیلئے کالج کی فیس 36 ہزار پاؤنڈز جمع کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ریپ گلوکار سومت ساموس توروک کا تعلق بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ (اوڈیشہ) کے ضلع کوراپت سے ہے۔وہ ذات پات کے امتیاز کے خلاف دلت برداری کے سرگرم رکن اور ایک طالب علم ہیں جنہوں نے نومبر 2020 میں ماڈرن ساؤتھ ایشیئن اسٹڈیز میں ایم ایس سی کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی کے سینٹ اینٹنیز کالج میں داخلے کی درخواست دی تھی۔ رواں برس جنوری میں انہیں کورس کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ایک سال کے تعلیمی پروگرام کی بنیادی فیس 25 ہزار نو سو پاؤنڈز ہے جس میں رہائش اور کھانے پینے کے اخراجات شامل نہیں ہیں۔توروک کے والد جو علاقے میں ایک پرائمری سکول میں استاد ہیں اپنے بیٹے کے لیے چار ہزار پاؤنڈز سے زیادہ رقم کا انتظام نہیں کرسکتے تھے۔توروک کے دوستوں نے انہیں حوصلہ دیا کہ وہ لوگوں سے فنڈ جمع کرنے کی بھارتی ویب سائٹ ’ملاپ‘ کے ذریعے یکم جون کو فنڈ جمع کرنے کی مہم چلائیں۔‘بھارتی فن کار نے انڈین ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے بھارتی اور پاکستانی دوست جو آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کر چکے ہیں انہوں نے پورے عمل میں میری مدد کی۔ یکم جون کو فنڈز جمع کرنے کی مہم کے ابتدائی چار سے پانچ گھنٹوں کے دوران بھارت، برطانیہ اور امریکہ سے تقریباً 1500 افراد نے 37 لاکھ روپے (36 ہزار پاؤنڈز) کے عطیات دیے۔توروک کا مزید کہنا تھاکہ ’اگرچہ مجھے مزید چند لاکھ روپے کی ضرورت ہے لیکن آکسفورڈ کے طلبہ نے یونیورسٹی کی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ فیس کی کچھ رقم معاف کردے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے کئی صارفین نے سومت ٹو آکسفورڈ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مقصد کے لیے چندہ دیں۔