پاکستان ریلوے حسن اسپتال میں کورونا ویکسینیشن سینٹر قائم

June 12, 2021

رپورٹ: اعجاز احمد

پاکستان ریلویز نے کورونا ویکسینیشن سینٹر قائم کرلیا، محکمہ ریلوے کے ترجمان کے مطابق پاکستان ریلوے، کراچی ڈویژن نے ڈی ایچ او ساؤتھ کے تعاون سے حسن اسپتال کراچی میں کورونا ویکسینیشن سینٹر قائم کیا ہے، جس میں ریلوے ملازمین، ان کے اہل خانہ اور عام شہریوں کی ویکسینیشن کی جائے گی۔

مذکورہ سینٹر میں روزانہ 200 افراد کی ویکسینیشن کی گنجائش ہے، جہاں ویکسینیشن سے متعلق تمام ضروری سہولتیں مہیا کی گئی ہیں اور اسپتال کے عملے میں سے 10 افراد کو کورونا ویکسینیشن سے متعلق آگہی دلوا کر اس کام پر مامور کیا گیا ہے۔

کورونا ویکسی نیشن اتوار کے سوا روزانہ صبح 9 سےسہ پہر 3 بجے تک کی جائے گی۔

ڈی ایس کراچی محمد حنیف گل نے حسن اسپتال کے ایم ایس اور ڈی ایم او کو ویکسینیشن سینٹر قائم کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

انہوں نے روزانہ ویکسن کرنے کی صلاحیت کو 200 سے زیادہ بڑھانے کے احکامات بھی دیئے تاکہ ریلوے کے ہزاروں ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی ویکسینیشن جلد ممکن ہو سکے۔