وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا خدشہ ظاہر کردیا۔
کراچی میں عذرا پیچوہو کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم اور کورونا ویکسین کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے، جسے مزید بڑھایا جائے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ ڈیلٹا ویرینٹ کے پیش نظر ویکسین کا دائرہ بڑھایا جائے۔
اُن کا کہنا تھاکہ انڈسٹریز لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ورکرز ویکسی نیشن کرائیں۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ عملے کی ویکسی نیشن کرانے والی فیکٹریز کو ہی حکومت کی طرف سے چلنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیو مہم چل رہی ہے، جس کی کوریج کو ممکن بنایا جائے۔
کورونا سے سندھ میں مزید 16 اموات
دوسری جانب سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 583 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ صوبے میں یہ عالمی وبا آج 16 زندگیاں نگل گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بیان جاری کیا۔
اس میں کہا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12376 نمونوں کی جانچ کی گئی، جن میں مزید 583 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
انھوں نے بتایا کہ صوبے میں آج 16 اموات رپورٹ ہوئیں، جس کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد 5236 ہوچکی ہے۔