پیر جماعت علی شاہؒکی خدمات ناقابل فراموش ہیں،سید منورجماعتی

June 14, 2021

برمنگھم ( آصف محمود براہٹلوی ) امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒکی خدمات ناقابل فراموش ہیں‘ تحریک پاکستان میں قائدانہ کردار ادا کر کے علماءو مشائخ کو قائد اعظمؒ کا حمایتی بنایا ۔ قیام پاکستان کےلئے لاکھوں روپے چندہ دےکر اور حیدر آباد دکن سے سری نگر تک سفر کر کے قومِ مسلم کو منظم کیا ۔ تحریک ختم نبوت میں ہراول دستے کی کمان فرمائی ۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے حضرت امیر ملت کے 71 ویں سالانہ عرس مبارک کے حوالے سے جامع مسجد امیر ملت برمنگھم میں نماز جمعہ کے بعد عرس کی تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کےلئے تمام توانائیاں بروئے کار لائینگے‘ ہمارے اسلاف کے کردار نے ہمارے سرفخر سے بلند کر رکھے ہیں‘ تحریک پاکستان ہو یا تحریک ختم نبوت، تحریک نظام مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہو یا تحفظ مزارات اولیا، علماو مشائخ نے ہر اول دستے کا کردار ادا کر کے اپنی مذہبی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔ آج دین سے دُوری نے قوم و ملک کو مسائل سے دو چار کر دیا ہے، ہمیں پھر اپنے مرکزِ عشق و محبت مکہ و مدینہ کی طرف رجوع کرنا ہے، علماو مشائخ اپنے خطبات میں ختم نبوت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں۔ محمدسعید مغل کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ آج عقیدہ ختم نبوت کا دفاع پہلے سے بھی ضروری ہے۔ علامہ احمد زمان نے کہا کہ ہم استحکام پاکستان اور دفاع عقیدہ ختم نبوت کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے‘ مسئلہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی اور متفقہ عقیدہ ہے ۔محافظین ختم نبوت کی فہرست خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ سے شروع ہو کر آج کے مسلمان تک پہنچتی ہے ۔ اعلیٰ حضرت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒدفاع ختم نبوت کےلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائے۔ اس موقع پر سید نعمان حسین شاہ اور محمدقاسم صدیق نے ہدیہ نعت و منقبت پیش کیا۔ بعدازاں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے پوری امت مسلمہ بالخصوص وطن عزیز پاکستان‘ قومی سلامتی کے اداروں اور عوام کےلئے خصوصی دعا بھی کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاءکی تواضع لنگر شریف سے کی گئی۔