سندھ: مالی سال 22-2021 کے بجٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں

June 14, 2021


سندھ حکومت کے مالی سال 22-2021 کے بجٹ کی تفصیلات جیو نیوز کو موصول ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے بجٹ کا مجموعی حجم 14 کھرب سے زائد ہوگا، نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بجٹ میں پولیس اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے 105 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق صحت کے شعبے کے لیے اضافے کے ساتھ 172 ارب روپے رکھنے کی تجویز میں بجٹ کا حصہ ہے۔

سندھ حکومت کے نئے مالی سال کے بجٹ میں اسکول ایجوکیشن کے لیے 215 ارب روپے مختص کرنے کا کہا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کا نصف سے زائد بجٹ غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص ہوگا۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے بجٹ میں محکمہ بلدیات کے لئے 119 اعشاریہ 75 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

صوبائی بجٹ میں محکمہ آب پاشی سندھ کا مجموعی بجٹ 53 ارب روپے، ٹرانسپورٹ کے لیے 14 ارب، کالج ایجوکیشن کے لیے 25 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

سندھ اسمبلی میں بجٹ اجلاس کل (15 جون) کو سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بجٹ تجاویز اس دوران پیش کریں گے۔