دھوپ کی دیوار کی کہانی کو آئی ایس پی آر نے ٹھیک کہا تھا، عمیرہ احمد

June 18, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے کے تناظر میں بنائی جانے والی ویب سیریز دھوپ کی دیوار 25 جون کو بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارم زی فائیو پر ریلیز ہورہی ہے جس میں مقبول ترین شوبز جوڑی کا اعزاز رکھنے والے احد رضا میر اور سجل علی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔معروف ڈراما اور ناول نگار عمیرہ احمد کی تحریر کردہ کہانی پر بنی ویب سیریز دھوپ کی دیوار کی ہدایات حسیب حسن نے دی ہیں۔حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ویب سیریز کی کہانی پاکستان اور بھارت کے 2 خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔تاہم دھوپ کی دیوارکا ٹیزر اور بعدازاں ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے اس کی کہانی تحریر کرنے والی معروف ناول و ڈٖراما نگار عمیرہ احمد کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔عمیرہ احمد نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویب سیریز دھوپ کی دیوار سے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا ۔ طویل وضاحتی بیان میں عمیرہ احمد نے کہا ہے کہ یہ کسی بھارتی چینل کے لیے نہیں لکھا گیا۔انہوں نے بتایا کہ دھوپ کی دیوار، الف، ایک جھوٹی لو اسٹوری ایک ساتھ 2018 میں گروپ ایم کے ساتھ سائن کیے تھے جو ایک پاکستانی کانٹینٹ کمپنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رائٹر کی لکھی ہوئی چیز کہاں نشر ہوگی اس کا فیصلہ پروڈیوسر یا چینل کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھوپ کی دیوار کی کہانی اس وقت لکھی گئی جب پاکستان اور بھارت کے تعلقات اتنے خراب نہیں تھے اور نہ ہی کشمیر میں جو آئینی طور پر حالیہ تبدیلیاں کی گئی ہیں، وہ ہوئی تھیں۔ عمیرہ احمد نے بتایا کہ جنوری 2019 میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کو اس کی پوری کہانی بھیجی تھی۔عمیرہ احمد نے بتایا کہ آئی ایس پی آر نے نہ صرف موضوع کو ٹھیک کہا تھا بلکہ انہوں نے راولپنڈی میں ایک ملاقات کی تھی۔عمیرہ احمد نے کہا کہ اگر موضوع غیر مناسب ہوتا تو اس پر لکھنے سے منع کردیا جاتا جبکہ کہانی کے لیے آئی ایس پی آر نے بہت زیادہ سپورٹ کیا۔علاوہ ازیں رائٹر نے ʼکہا کہ یہ محبت کی کہانی نہیں بلکہ ایک سماجی المیہ ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ بغیر کسی ثبوت کے ان پر سنگین الزامات لگائیں، اگر رائٹر کسی متنازع موضوع پر لکھ رہا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ غدار ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ʼدھوپ کی دیوار ʼ لکھ کر مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کو فراموش کرنے کے الزامات کو بھی مسترد کیا۔انہوں نے کہاکہ ʼمیں ذاتی طور پر سمجھتی ہوں اس موضوع کے لیے زی کا پلیٹ فارم بالکل صحیح ہے۔