ایپ کے ذریعہ کھانے اصل قیمت سے 44فیصد مہنگے پڑتے ہیں

June 19, 2021

لندن (پی اے) کنزیومر واچ ڈاگ وچ کی جانب سے جاری کی گئی ایک سروے رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپ کے ذریعہ آرڈر پر منگائے کھانے اصل قیمت سے 44فیصد مہنگے پڑتے ہیں۔وچ نے5 مختلف اداروں سے براہ راست آرڈر سے منگائے گئے کھانوں اور ڈلیورو، اوبر ایٹس اور جسٹ ایٹ کی ایپ سے منگوائے گئے کھانوں کی قیمتوں کا موازنہ کر کے بتایا کہ ایپ کے ذریعے منگائے کھانے براہ راست آرڈر پر منگائے گئے کھانوں کے مقابلےمیں 23 فیصد زیادہ مہنگے ہوتے ہیں جبکہ ایپ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ان کے کمیشن کی شرح مناسب ہے۔ وچ کے مطابق ڈلیورو کے ذریعے منگائے گئے کھانے سب سے زیادہ مہنگے یعنی اصل قیمت سے 31 فیصد زیادہ میں پڑتے ہیں۔ اوبر ایٹس سے منگائے کھانے 25 فیصد مہنگے اور جسٹ ایٹ سے صرف 7 فیصد مہنگے پڑتے ہیں۔ ایک میکسیکن ریسٹورنٹ بوریٹو اور ٹاکو سے ڈلیورو کے ذریعہ منگوائے گئے کھانے سب سے زیادہ یعنی 44 فیصد تک مہنگے پڑتے ہیں۔ ایپس پر چارجز کا تعین عام طورپر ریسٹورنٹس کرتے ہیں اور وہ سروس فیس چارجز پورے کرنے کیلئے قیمت میں اضافہ کردیتے ہیں۔ ڈلیورو کا کہنا ہے کہ ہم ریسٹورنٹس سے کہتے ہیں کہ وہ وہی چارجز رکھیں جو کسٹمرز سے ریسٹورنٹ میں آ کر کھانے پر لئے جاتے ہیں اور اس کے بعد ہمارا کمیشن، رائیڈرز کو کی گئی ادائیگی کسٹمرز سروس اور ریسٹورنٹس کیلئے ہماری سروس کی اپ گریڈنگ کے چارجز اس میں شامل کرلئے جائیں گے۔ جسٹ ایٹ کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے کمیشن کی شرح اپنے پارٹنر کو ادا کردہ قیمت سے مطابقت رکھتی ہے۔ اوبر ایٹس کا کہنا ہے کہ وہ کسٹمرز کیلئے بہترین ریسٹورنٹس اور بہترین خوراک کے انتخاب پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔ وچ کے سروے کے مطابق کوروناکے دوران ٹیک اوے اور گروسری کیلئے ایپ استعمال کرنے والوں میں 39 فیصد نے جسٹ ایٹ، 25 فیصد نے اوبر ایٹس اور 20 فیصد نے ڈلیورو کو استعمال کیا اور ان لوگوں کی عام شکایات میں تاخیر سے ڈلیوری، ٹھنڈا کھانا، آئٹمز میں کمی شامل تھیں۔ 53فیصد کسٹمرز کو ڈلیورو سے 46فیصد کو جسٹ ایٹ سے اور42 فیصد کو اوبر ایٹس سے شکایت کرنے میں مشکلات کاسامناکرنا پڑا۔جسٹ ایڈ کاکہناہے کہ وہ اپنے کسٹمرز کی تمام شکایات کی تفتیش کرتاہے۔اوبر ایٹس کسٹمرز کو اپنی ایپ کی ہیلپ لائن استعمال کرنے کی ہدایت کرتاہے اور اس کادعویٰ ہے کہ اس کے پاس کسٹمر سروس کی بہترین ٹیم موجود ہے۔وچ کاکہناہے کہ بہت سی ایپس نے کریڈٹ ریفنڈ کی پیشکش کی لیکن کنزیومر کے قانون کے تحت کسٹمر کو رقم واپس کی جانی چاہئے۔