• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: ہراسانی کا الزام لگنے پر ایک شخص کی خودکشی، خاتون کیخلاف مقدمہ درج

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست کیرالہ میں 42 سالہ شخص کے خودکشی کرنے کے بعد پولیس نے ایک 35 سالہ خاتون کے خلاف خودکشی پر اکسانے کا مقدمہ درج کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متوفی دیپک یو کام کے سلسلے میں گزشتہ ہفتے ایک ٹرانسپورٹ بس کے ذریعے کنور گیا تھا۔ اسی بس میں شمجتھا بھی سفر کر رہی تھی جس نے مبینہ طور پر دیپک پر بدتمیزی کا الزام لگاتے ہوئے ایک ویڈیو ریکارڈ کی اور بعد ازاں اِسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیا۔

ویڈیو کے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے پر دیپک کو اس معاملے کا علم ہوا۔ دیپک کے اہلِ خانہ کے مطابق ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ذہنی دباؤ کے باعث دیپک نے اتوار کے روز اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔

ابتداء میں پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ درج کیا تاہم اہل خانہ کی شکایت کے بعد خاتون کے خلاف خودکشی پر اکسانے کا نیا کیس درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کیرالا اسٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن نے بھی اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کا حکم اور ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متعدد حلقوں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ویڈیو بنانے والی خاتون ایک سیاسی جماعت کی سرگرم کارکن اور سابق منتخب نمائندہ رہ چکی ہے، یہی وجہ ہے کہ پولیس اس کیس میں تاخیر سے کارروائی کر رہی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید