• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوواک جوکووچ کی تاریخ ساز کامیابی، آسٹریلین اوپن میں فتوحات کی سنچری

تصویر:بین الاقوامی میڈیا
تصویر:بین الاقوامی میڈیا

عالمی نمبر چار ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن میں اپنی 100ویں کامیابی حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔

 پیر 19 جنوری کو کھیلے گئے میچ میں جوکووچ نے اسپین کے پیڈرو مارٹینز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-3، 6-2 اور 6-2 سے شکست دی، میچ کا دورانیہ  2 گھنٹے سے کچھ زائد رہا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نوواک جوکووچ نے کہا کہ آج کی کارکردگی شاندار تھی، مجھے کسی چیز کی شکایت نہیں، میری سروس بہت اچھی رہی۔

بی بی سی اسپورٹس کے مطابق جوکووچ کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کا آغاز درست انداز میں کرنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے، تاکہ ناصرف خود کو بلکہ اپنے حریفوں کو بھی واضح پیغام دیا جا سکے۔

جوکووچ نے کہا کہ 100 فتوحات حاصل کرنا ایک خوشگوار احساس ہے، تاریخ رقم کرنا ایک بڑی ترغیب ہے، خاص طور پر اپنے کیریئر کے آخری پانچ یا دس برسوں میں جب مجھے احساس ہوا کہ میں ریکارڈز بنا سکتا ہوں تو میں مزید بہتر ٹینس کھیلنے کے لیے متاثر ہوا۔

38 سالہ جوکووچ اپنے 25ویں گرینڈ سلم سنگلز ٹائٹل کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔

آسٹریلین اوپن میں جوکووچ کا مجموعی ریکارڈ اب 100 فتوحات اور 10 شکستیں ہو گیا ہے، وہ اس ٹورنامنٹ میں اب تک 10 مرتبہ چیمپئن رہ چکے ہیں۔

جوکووچ کے نام ومبلڈن میں 102 اور فرنچ اوپن (رولان گاروس) میں 101 فتوحات بھی درج ہیں۔

جوکووچ نے اپنا 21واں آسٹریلین اوپن کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ شرکت کا ریکارڈ بھی برابر کرلیا، جو اس سے قبل راجر فیڈرر کے پاس تھا۔

اس کے علاوہ وہ اپنے 81ویں گرینڈ سلم ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے ہیں، جس کے ساتھ انہوں نے راجر فیڈرر اور فیلیشیانو لوپیز کے ساتھ سب سے زیادہ گرینڈ سلم کھیلنے کا اعزاز بھی شیئر کر لیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید