فرانس میں پاکستان بزنس فورم کا قیام، حاجی اسلم چوہدری کنوینئرمقرر

June 19, 2021

پیرس(رضا چوہدری) فرانس میں پاکستان بزنس فورم کا قیام، حاجی محمد اسلم چوہدری کوکنوینئر مقرر کیا گیا ہےجبکہ ڈپٹی کنو ینئرکے لیے دو مشہور و معروف کاروباری شخصیات سردار ظہور احمد اور ابراہیم ڈار نامزد کردیے گئے۔ گزشتہ روز پیرس کے نواحی علاقے پاویوں صوبوا میں فرانس میں موجود پاکستانی بزنس کمیونٹی کا بہت بڑا اجتماع منعقد ہوا جس کی میزبانی فرانس کی معروف سماجی شخصیت حاجی محمد اسلم چوہدری نے کی۔ پروگرام میں فرانس میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے تقریباً تمام سرکردہ بزنس مین موجود تھے جِن میں ایک اچھی خاصی تعداد ابھرتے ہوئے نوجوانوں کی بھی تھی، پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول سے ہوا اور کورونا کی وباء سے شہید ہوجانے والے تمام احباب کے لئے دعا سے ہوا ، بعد ازاں میزبانِ محفل حاجی محمد اسلم چوہدری نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے اغراض و مقاصد کے بارے میں حاضرین کو بریفنگ دیتے ہوئے بزنس فورم کی اہمیت اور ضرورت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوںنے کوڈ-19 کی وجہ سےگزشتہ ڈیڑھ سال سے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فرانس میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے لیے بزنس فورم کے قیام کوضروری قراردیا۔انہوں نے کہا کہ فورم بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہرممکن کوشش کرے گا۔حاضرین میں سے یاسرخان، ابوبکر گوندل، قاضی محمد ہارون، سردار ظہور احمد، صاحبزادہ عتیق، ملک عابد حسین، سید شبیر حسین شاہ، یاسر قدیر، شیخ زاہد فیاض، چوہدری اکرم وسن، پرویز چوہدری، صوفی محمد نیاز، میاں مظہر ذمہ واریہ ،میاں منیر، صفدر برنالی، اور دیگر مہمانوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس فورم کے قیام کو نہ صرف سراہا بلکہ ہر ایک نے فورم کی کامیابی کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ بھی کیا۔