یورپین یونین اور روس کے درمیان تعلقات مزید خراب ہونے کاخدشہ

June 19, 2021

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین یونین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس کے ساتھ اس کے تعلقات مزید خراب ہونگے۔ یونین کی جانب سے اس خدشے کا اظہار ایک رپورٹ میں کیا گیا جو یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے آج ایک آن لائن پریس کانفرنس میں جاری کی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں، ہم سمجھتے ہیں کہ نئی شراکت داری ہمیں روس کے ساتھ قریبی تعاون کی صلاحیتوں کا ادراک کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جان بوجھ کر اختیار کردہ روسی پالیسی خصوصًا 2014 میں کریمین پینن سولا کو اپنے ساتھ ملانے اور یورپین ممبر ریاستوں میں عدم استحکام پیدا کرنے کی تازہ کوششوں کے علاوہ شام ، لیبیا اور دوسری جگہوں پر مداخلت نے باہمی تعلقات پر منفی اثر ڈالا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اس بات کا عندیہ بھی دیا کہ یورپ روس سے تیل اور گیس کی موجودہ مقدار میں خریداری میں کمی نہیں کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ یورپین یونین روس کے ساتھ افغانستان، شام ، لیبیا،ایران اور مڈل ایسٹ کے امن کے عمل کیلئے بات چیت کرنے کو تیار ہے۔ یاد رہے کہ جوزپ بوریل کی جانب سے جاری کردہ یہ تازہ رپورٹ برسلز میں آئندہ ہفتے منعقد ہونے والے یورپین سربراہان کے اجلاس میں زیر بحث آئے گی۔