بالاکوٹ پن بجلی منصوبے سے سالانہ15ارب آمدن ہوگی،تاج محمد ترند

June 23, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے توانائی تاج محمد ترند نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں توانائی کے سب سے بڑے فلیگ شپ منصوبے 300میگاواٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کو شروع کرنے کیلئے تمام لوازمات صوبے کے وسیع تر مفاد اورمقامی آبادی کو مدنظر رکھ کر پورے کئے جائیں گے۔منصوبے کے لئے اراضی کے حصول کے لئے منصوبے سے متاثرہ آبادی کو مروجہ قوانین کے مطابق مارکیٹ ریٹ پر ادائیگیاں کی جائیں گی۔منصوبے سے صوبے کو سالانہ 15ارب روپے کی آمدن ہوگی اورہزاروں لوگوں کو روزگارملے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع مانسہرہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے رواں سال صوبے کے سب سے بڑے پن بجلی کے منصوبے بالاکوٹ ہائیڈروپاورپراجیکٹ کے لئے اراضی کے حصول سمیت منصوبے کے ڈیزائن پلان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلع مانسہر ہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی ومعاون خصوصی پاپولیشن ویلفیئرسید احمد حسین شاہ سمیت سیکرٹری توانائی زبیر خان ،سپیشل سیکرٹری توانائی ظفرالاسلام خٹک،ڈپٹی کمشنرمانسہرہ قاسم خان،چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان ،ایڈیشنل سیکرٹری توانائی یاسرعلی نے شرکت کی۔اجلاس میں بالاکوٹ پن بجلی منصوبے کوشروع کرنے کے لئے اراضی کے حصول سمیت منصوبے سے متاثرہ آبادی کومعاوضے کی ادائیگی کے طریقہ کارپر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس میں زوردیاگیاکہ منصوبے پر عملی تعمیراتی کام سے پہلے مقامی نوجوانوں کے لئے مختلف شعبہ جات میںتربیتی پروگرامز شروع کئے جائیں تاکہ مقامی آبادی کو منصوبے پر کام کرنے لئے روزگارکے زیادہ سے زیادہ موقع میسر ہوں۔