چینی خاتون سے پہلی شادی 10 سال تک رہی، عمران ادریس

June 24, 2021

حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستانی اداکارہ جیا علی کے شوہر عمران ادریس کا کہنا ہے کہ وہ جیا علی سے قبل 10 برس تک ایک چینی خاتون سے رشتۂ ازدواج میں منسلک رہے۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں جیا علی کے شوہر نے اپنی پہلی اہلیہ کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

عمران ادریس نے کہا کہ جیا علی سے قبل اُن کی شادی 25 یا 26 برس کی عمر میں ہانگ کانگ میں چینی خاتون سے ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ چینی خاتون نے ان سے شادی کرنے کیلئے مذہب تبدیل کیا تھا، اس خاتون سے وہ 10 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہے، ان کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔

عمران ادریس نے کہا کہ ان کی پہلی اہلیہ بھی بہت اچھی خاتون تھی اور ابھی کچھ عرصہ قبل ہی ہم نے راہیں جدا کی تھیں۔

واضح رہے کہ جیا علی گزشتہ ماہ کے آخر میں عمران ادریس سے لاہور میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔