ایم پی اے جگنو محسن کے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل

June 25, 2021


اوکاڑہ سے منتخب ہونے والی آزاد رکن پنجاب اسمبلی سیدہ جگنو محسن نے اپنے حلقے پی پی 184 میں 100 کروڑ سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں میں سے اکثریت پر کام مکمل کرا کے ریکارڈ قائم کر دیا، خاتون رکن نے دوسرے ارکان اسمبلی کے لیے مثال قائم کر دی۔

ضلع اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ سے 2018 کےعام انتخابات میں بڑی سیاسی جماعتوں کے مضبوط اور روایتی امیدواروں کی موجودگی میں آزاد حیثیت سے الیکشن جیت کر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والی جگنو محسن گزشتہ ایک دہائی سے اپنے آبائی علاقے میں المحسن ٹرسٹ کے نام سے سماجی خدمات انجام دے رہی ہیں ، وہ ان تمام پراجیکٹس کو ذاتی طور پر مانیٹر کر رہی ہیں۔

المحسن ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے پراجیکٹس میں ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کے 6 فلٹریشن پلانٹ شامل ہیں، جگنو محسن نے فلٹریشن پلانٹ کا دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل سنے۔

حلقے کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شجرکاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، المحسن ٹرسٹ کے زیرانتظام 34 اسکولز، ہفتہ وار فری میڈیکل کیمپس و ادویات، دل کے بائی پاس، جگر ٹرانسپلانٹ، آرتھو پیڈک سے متعلقہ افراد کا علاج معالجہ شامل ہے ، جگنو محسن نےداؤد بندگی اسپتال، اور اسکولوں کا بھی دورہ کیا۔

سیدہ جگنو محسن وہ باہمت رکن پنجاب اسمبلی ہیں جو سماجی کاموں کے ساتھ ساتھ سیاسی اوررفاہی کاموں میں بھی تیزی لارہی ہیں، حلقے کے سیاسی رہنماؤں اور سوشل میڈیا ٹیم سے ملاقات کی اور مسائل کے حل کے لیے احکامات دیئے۔

جگنو محسن نے اپنے حلقے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، اس موقع پر کارکنان نے بھرپور استقبال کیا اور انہوں نے بھی بھرپور انداز میں ہی جواب دیا، اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگٹرے اور روایتی گھڑ ڈانس کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

جگنو محسن کا کہنا ہے کہ ماضی کی روایتی موروثی سیاست کے برعکس عوامی حقوق کی سیاست پر یقین رکھتی ہیں۔ مخالفین نے حلقے میں ہمیشہ تھانہ کچہری کی سیاست کی ہے ۔

پی پی 184 میں سیورج پختہ سڑکوں کی تعمیر ، واٹر فلٹریشن پلانٹ اور ٹف ٹائلز کا کام تیزی سے جاری ہے جسے وہاں کے رہائشی بہت سراہا رہے ہیں۔

شیر گڑھ میں دادی کے نام پر بنایا جانے والا نثار باغ جگنو محسن کی ذاتی کاوشوں کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے جو انہوں نے خواتین کے لیے مختص کیا ہے اور بچوں کے لیے جھولے لگوائے ہیں۔

سیاسی مصروفیات کے ساتھ ساتھ سیدہ جگنو محسن زرعی فارمنگ کا بھی شوق رکھتی ہیں ، انھوں نے اپنے فارم کا دورہ کیا اور اسٹاف سے زیر کاشت پھل اور سبزیوں پر بریفنگ لی۔