مبارکبادوں کا شکریہ، لیکن جیت کا ذمہ دار میں نہیں، علی ترین

June 25, 2021

پاکستان سُپر لیگ کے سیزن 6 کی فاتح ٹیم ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے ’مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جیت کا ذمہ دار میں نہیں ہوں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر متعدد ٹوئٹس شیئر کیں جس میں انہوں نے جیت کی خوشی کا احوال بیان کیا۔

ایک ٹوئٹ میں علی ترین نے کہا کہ آپ سب کے مبارکبادوں کے پیغامات کا شکریہ لیکن اس جیت کی وجہ میں نہیں، میں تو محض کرکٹ کا ایک بہت بڑا مداح ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ یہ جیت کوچنگ اسٹاف، سپورٹ اسٹاف اور کھلاڑیوں کی محنت اور سچی لگن کے باعث ہی ممکن ہوسکی ہے۔

علی ترین نے لکھا کہ یہ جیت انہی تمام لوگوں کے نام ہے۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے حسرت کی کہ کاش وہ اس وقت وہاں ہجوم میں موجود ہوتے اور اس تاریخی دن کو انجوائے کرتے۔

علی ترین نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ میں ٹرافیز کا فین نہیں بس اس بات پر خوش ہوں کہ ہم نے دھانی کو تلاش کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔