آج بنائیں کچھ کھٹا، کچھ میٹھا

July 07, 2021

گرمیوں کا موسم ہے اور اسے میں مرغن کھانے کو دل نہیں چاہتا۔ اسی بات کو ملحوظ ِخاطر رکھتے ہوئے آج ہم آپ کو ایسے پکوان کی تراکیب بتا رہے ہیں، جسے کھاکے اور کھلا کے آپ کو ضرور مزا آئے گا ۔

کھڑے مسالے کا کھٹا قیمہ

اجزاء:۔قیمہ ہاتھ کا کٹا ہوا ایک کلو، پیاز موٹی کٹی ہوئی ایک پائو، دہی ایک پائو، نمک حسبِ ذائقہ، ثابت لال مرچ آٹھ عدد، سفید زیرہ ایک چائے کے چمچے، ثابت گرم مسالہ ایک چھٹانک، ادرک، لہسن کا پیسٹ چار کھانے کے چمچے، ادرک لہسن کٹا ہوا دو کھانے کے چمچے، کالی مرچی کٹی ہوئی آدھی چھٹانک، گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب:۔ تمام مسالہ جات ودہی کو دو حصوں میں تقسیم کرلیں اب گھی گرم کرکے اس میں پیاز کو سرخ کریں ۔اس کے بعد زیرہ ،گرم مسالہ اور تمام مسالے جات کا ایک حصہ ڈال کر قیمہ ڈال دیں اور اس کو پکنے دیں اور اس وقت تک پکائے جب تک اس کا پانی خشک نہ ہوجائے پھر اس میں تمام مسالوں کا باقی حصہ ڈال کر دہی شامل کردیں اور اتنا بھونیں کہ اس کا پانی خشک ہوجائے ۔مزیدار کھٹا قیمہ تیار ہے ۔

……کھٹے آلو……

اجزاء:چھوٹے آلو ایک کلو، نمک وپسی لال مرچ حسبِ ضرورت، املی کا گودا دو کپ، سفید زیرہ کٹا ہوا تین چائے کے چمچے ، کڑی پتے سات عدد، گھی حسبِ ضرورت، ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب:آلوئوں کو اُبال کر ان کاچھلکا اتر لیں ،پھر پتیلی میں گھی گرم کرکے اس میں زیرہ شامل کریں، پھر اس میں نمک، مرچ، ادرک کا پیسٹ اور املی کے گودے کو تھوڑا پانی ڈال کر ملا دیں اور پتیلی میں ڈال کر خوب بھونیں بھن جانے پر آلو اور کڑی پتا شامل کرکے تھوڑی دیر پکائیں۔ مزیدارکھٹے آلو تیار ہیں۔

……میٹھی ٹکیاں……

اجزاء:۔میدہ تین پائو، سوجی آدھا کلو، شکر تین پائو، کھوپرا پسا ہوا آدھا پائو، گھی ایک پائو، دودھ ایک پائو، پسی ہوئی الائچی بارہ عدد۔

ترکیب: میدہ اور سوجی کو آپس میں اچھی طرح ملالیں ،پھر اس میں کھوپرا اور الائچی پاؤڈر ڈال دیںاور شکر کو دودھ میں ملا کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس کے بعد میدے اور سوجی کے آمیزے میں دودھ اور شکر ڈال کر خوب گھوندھیں جتنا زیادہ گھوندھیں گی اتنی ہی زیادہ ٹکیاں اچھی بنے گیں۔ گھوندھنے کے بعد تقریباً 2 گھنٹے کے لیے رکھ دیں اور پھر اس کے چھوٹے چھوٹے گول پیڑے بنالیں۔ اب فرائی پین میں تیل گرم کرکے ہلکی آنچ پر ان کو فرائی کریں۔ مزیدار میٹھی ٹکیاں تیار ہیں ۔

……کھیر……

اجزاء:دودھ تین کلو، شکر حسبِ ضرورت، چاول تین چھٹانک، بادام پستے کٹے ہوئے آدھا پائو، کھویا ایک پائو، کیوڑہ ایک چائے کا چمچہ،چاندی کا ورق چار عدد۔

ترکیب:سب سے پہلے دودھ کو اُبالیں، پھر اس میں چاول شامل کرکے آہستہ آہستہ پکنے دیں جب چاول اور دودھ اچھی طرح مکس ہوجائیں تو اس میں شکر، کیوڑہ ،کھویا شامل کرکے تھوڑی دیر تک پکائیں ۔اس کے بعد آدھے بادام، پستے ڈال کر اسے ڈش میں پلٹ دیں، پھر اس پر ورق لگا کر بادام، پستے سے گارنش کردیں ۔