وزیرِ اعظم کا پاک ازبک بزنس فورم سے خطاب

July 15, 2021


ازبکستان کے دورے پر جانے والے وزیرِ اعظم عمران خان نے ازبک دارالحکومت تاشقند میں پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔

وزیرِاعظم عمران خان ازبکستان میں جنوب اور وسط ایشیائی ملکوں کی کانفرنس میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر آج تاشقند پہنچے ہیں۔

وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شیخ رشید اور علی زیدی کے علاوہ مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور عاطف خان بھی وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے کے لیے اہم ہے، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت سے لوگوں کا معیارِزندگی بلند ہوتا ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان ریلوے کے منصوبے سے خطے میں انقلاب آئے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان وسطِ ایشیائی ریاستوں سے منسلک ہے، افغانستان کے پر امن سیاسی حل کے خواہاں ہیں۔