خوشبوؤں میں رچے رنگ

July 16, 2021

آمنہ عظیم

عید الاضحی میں چند د ن رہ گئےہیں ۔ اگر گھریلوکاموں کی وجہ سے آپ کا پارلر جانا مشکل ہو،تواس میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ہم آپ کو گھر میں فیشل کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔ اس پر عمل کرتے ہوئے خود ہی فیشل کرلیں ۔کسی بھی قسم کی جلد کلینزنگ کے بغیر صاف ستھری نظر نہیں آسکتی ،کیوں کہ ہمارے چہرے پر بہت زیادہ گرد اور میل جمی ہوتی ہے جو بظاہر نظر تو نہیں آتی لیکن کلینزنگ کے بعد اندازہ ہوتا ہے کہ جلد کتنی میلی تھی۔ کوئی بھی اچھی کلینزنگ ملک یا کریم چہرے پر لگا کر ہاتھوں کی انگلیوں سے دھیرے دھیرے مساج کریں نیچے سے اوپر کی جانب اورگالوں پر دائروں کی شکل میں انگلیوں کو گھمائیں۔پیشانی ،ناک ،آنکھیں اور ٹھوڑی پر دونوں ہاتھوں کی پہلی انگلیوں کو باہم ملا کر مخالف سمت میں گھمائیں ۔یہ عمل دس منٹ تک کریں۔

پیالے میں ٹھنڈاپانی بھی ساتھ رکھیں اور وقفے وقفے سے جب کریم چہرے پر جذب ہونے لگے تو ہاتھ اس پیالے میں بھگو کر چہرے پرپھیریں ،بعد ازاں کاٹن پیڈ سے صاف کرلیں ۔اس کے بعد اسکربنگ کریں۔ یہ بھی کلینزنگ کی طرح کی جاتی ہے، لیکن ناک کے اطراف اور ٹھوڑی پر خاص تو جہ دی جاتی ہے ۔اگر مصروفیت کے باعث آپ مکمل فیشل نہیں کرسکتیں تو صرف اسکربنگ کرلیں ۔اس سے بھی جلد چمک دار ہوجاتی ہے۔ اسکرب نہ ہوتو ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھو کر خشک کرلیں ۔

اس کے بعد تھوڑی سی کلینزنگ کریم اور نمک لے کر اچھی طرح مکس کر لیں، پھر اسےچہرے پر لگا کرمساج کریں۔ یاد رکھیں کہ مساج ہمیشہ نیچے سے اوپر کی جانب کرنا چاہیے۔یہ عمل دس منٹ تک کریں ۔ اس کے بعد صاف ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں ،پھر جلد کی مناسبت سے ماسک کا انتخاب کریں ۔گھر میں تیارکردہ ماسک بھی لگا سکتی ہیں۔ ہم آپ کو ہر قسم کی جلد کے لیے ماسک بنانے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔ ماسک بنانے کے لیے: ایک کھانے کا چمچہ شہد ،ایک انڈے کی سفیدی ،ایک چائے کا چمچہ دودھ اور تھوڑے سے بادام پیس کر ملا لیں۔ اس ماسک کو چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے پر ٹھنڈے پانی سے صاف کرلیں۔چہرہ ایک دم چمک اٹھے گا۔

ماسک صاف کرنے کے بعد کوئی بھی اچھاساموئسچرائزر لگائیں ۔اس سے آپ کا چہرہ نکھرا نکھرا ہوجائے گا۔موئسچرائزر کے بعد ٹونر ضروری لگائیں، کیوں کہ یہ جلد کو آلودگی اور بیکٹیریا سے محفوظ رکھتا ہے ۔اب آپ میک اپ کرلیں ،مگر میک اَپ سے قبل بالوں کو سنواریں ۔’’فرنچ ہیئراسٹائل ‘‘ آسانی سے اور جلدی بن جاتا ہے۔

اس لیے ہم اس کے بنانے کا طریقہ بتا رہے ہیں ۔ فرنچ چوٹیاں بنانے کے لیے سب سے پہلے بالوں کو اچھی طرح سلجھا لیں ،پھر ماتھے اور اطراف سے بالوں کی ایک ایک لٹ اٹھائیں اور دونوں لٹوں کو ملا کر چوٹی بنائیں۔ آخر میں سیدھی چوٹی بنا کر ربڑ بینڈ لگالیں یا موڑ کر پنوں کی مدد سے سیٹ کر لیں ۔بعدازاں بالوں پر ہیئر اسپرے یا جیل لگالیں ،تاکہ بال جمے رہیں۔