پٹرولیم اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائے ،رخشاں ٹرانسپورٹرز

July 19, 2021

کوئٹہ (پ ر )بلوچستان بس ٹرانسپورٹ فیڈریشن کوئٹہ کے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق رخشان ڈویژن کے ٹرانسپورٹرز کا ایک مشترکہ اور ہنگامی اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔جس میںرخشاں ڈویژن میںٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل بالخصوص پٹرولیم مصنوعات اور اس کے بعد آٹا چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافے کے حالیہ حکومتی فیصلے پر تبادلہ خیال کیاگیا اور حکومت کے اس فیصلے کو عوام اور ٹرانسپورٹ دشمن فیصلہ قراردیا گیا۔اس موقع پرمشترکہ بلوچستان بس ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے مرکزی ترجمان میر محمود خان بادینی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کیاپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا کم تھا کہ وفاقی حکومت نے اپنے بے بس اور لاچار عوام پر آٹا چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ایک بم گرایا ۔انہوں نے کہاکہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ غریب ،متوسط اورپریشان حال لوگوں پر شب خون مارنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکمران ایک خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے صورتحا ل مذید سنگین ہوجائیگی ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان بھر بالخصوص بارڈری اضلاع کےعوام ٹرانسپورٹرز اس مہنگائی کا متحمل نہیں ہو سکتے لہذاملکی سطح پرتیل کی قیمتوں میںنہ حالیہ اضافہ واپس لیا جائے بلکہ قیمتوں میں مذید کمی کی جائے ۔عوام کو ریلیف دیاجائے ۔اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہیں لیے عیدالاضحٰی کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بھرپور احتجاجی تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔