قُربانی... تسلیم و رضا کی لازوال داستان

July 21, 2021

ڈاکٹر امان اللہ اچکزئی

اسلامی تقویم (کلینڈر)کے مطابق ماہ ِذوالحجہ ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنے جلو میں اسلام کی دو اہم عبادتیں لے کر آیا ہے، ایک حج اور دوسرا قربانی، اطراف عالم میں چہار سُو بکھرے ہوئے مسلمانوں کی ایک اچھی خاصی تعداد ایک طرف حجاز مقدس کی سرزمین پر ’’لبیّک اللھم لبیّک‘‘ کہتے ہوئے حرمِ محترم کی طرف بڑھ رہی ہے ، دوسری طرف پورے عالمِ اسلام میں امتِ مسلمہ سنت ابراہیمی کی پیروی میں مصروفِ عمل ہے۔

ابوالانبیاء سیدنا حضرت ابراہیمؑ خلیل اللہ نے آج سے ہزاروں سال پیش ترعظیم قربانی کی صورت میں حکمِ خداوندی کی جو صدا بلندفرمائی تھی، وہ مسلسل خالقِ کائنات کی تخلیق شدہ کائنات کی فضاؤں میں آج بھی برابر گونجتی رہتی نظرآرہی ہے، بعد میں ہر آنے والے دیگر حضرات انبیائے کرام علیہم السلام کی جہدِ مسلسل اور محنتوں نے اس تسلسل کو مزید قوت عطا کی، یہاں تک کہ امام الانبیاء،خاتم النبیین، سیدناحضرت محمد مصطفیٰ احمد مجتبیٰ ﷺکی قربانیوں،آپ ﷺ کی مسلسل محنت وکاوش اور جذبۂ تبلیغ کی بےتابی نے اس آواز کو وہ تسلسل ،جماؤاور قوت عطاکی جوعصرِ حاضر میں ہمیں جابجا نظر آتی ہے۔اللہ تعالیٰ کے حکم کی اطاعت اور حضرات ِانبیائے کرام ؑکے اسوۂ حسنہ کی پیروی کایہی جذبہ ہے جس کامظہر آج بھی اس پُرآشوب اور پُرفتن دور میں عالمِ اسلام کے مسلمانوں میں زندہ وتابندہ ہے۔

سیدنا حضرت ابراہیم ؑ نے اللہ تعالیٰ کے حکم کی اطاعت کرتے ہوئے وہ کام کرنے کا عزمِ مصمم کرلیا ،جسے سوچ کر بھی عصرِحاضر میں صرف مسلمان نہیں، بلکہ ایک عام انسان کے ہاتھ پیر کانپ جاتے ہیں،اکلوتے فرزندِارجمند (حضرت اسمٰعیل علیہ السلام) کی قربانی کا حکم کوئی معمولی حکم نہ تھا، مگر حضرت ابراہیمؑ کاایمان کامل ومکمل اور قوی تھا، انہوں نے وہ حکم بھی خالقِ ارض وسماء کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے رب کی توفیق سے پورا کرکے دکھایا جو بطورِوحی خواب کے اندر انہیں دیکھایا گیا ، قرآن ِکریم میں ارشاد ہے:"ہم نے انہیں آواز دی کہ ابراہیمؑ! تم نے خواب کو سچ کر دکھایا، ہم مخلصین کو ایساہی صلہ دیا کرتے ہیں ،حقیقت میں یہ تھابھی بڑا امتحان،اور ہم نے ایک بڑاذبیحہ اس کے عوض میں دیا اور ہم نے بعد میں آنے والوں میں یہ بات ان کے لیے رہنے دی کہ ابراہیم پر سلام ہو، ہم مخلصین کو ایساہی صلہ دیا کرتے ہیں۔(سورۃالصافات)

یہ وہی قربانی ہے جس کا ہجرت کے بعد ہر صاحبِ حیثیت مسلمان (مردعورت) کو حکم دیا گیا تھا اور جسے محمدرسول ﷺ اپنی حیاتِ طبیہ میں مسلسل اداکرتے رہے ہیں، چنانچہ حضرت عبداللہ بن عمرؓسے مروی ہے:"رسول اللہ ﷺ مدینہ منورہ میں دس سال رہے تو قربانی کرتے رہے۔" (ترمذی)

قربانی کے مناظرومظاہرعیدالاضحی کے تین دنوں میں ہمیں مختلف مقامات، علاقوں، گھروں، بستیوں، شہروں اور ملکوں میں جگہ جگہ نظر آتے ہیں اور مسلمان بڑھ چڑھ کر اس عبادت میں حصہ لیتے ہیں تن من دھن کی قربانی کا یہی جذبہ ہے جو مسلمان قوم کو زندہ رکھتا ہے، اس کے اندر اطاعت کی روح پھونکتا ہے اور اسےان جلیل القدرانبیائےکرام علیہم السلام کے نقشِ قدم پر چلاتا ہے، جن کا وہ نام لیوا ہے۔

ذوالحجہ کامہینہ حج وقربانی کے انہیں دلآویز مناظرِمحبت کامہینہ ہے، یہ مہینہ ہمیں سبق سکھاتاہے کہ ہمہ وقت اپنےپروردگارکی اطاعت اوراس کے لیے تیار رہناچاہئے، گھر بار،مال ودولت یہ سب اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتیں ہیں جو انسان کو عطاہوئی ہیں، یہ تمام چیزیں ایک معین مدت کے لیے امانت ہیں اور ان نعمتوں کی قدر دانی کرتے ہوئے اور ان پر شکرِخداوندی بجالاتے ہوئے اس بات کے لئے ہمہ وقت تیاررہےکہ ان سب چیزوں کوزندگی میں اللہ تعالیٰ کے حکم پرقربان کرسکے، اپنے جذبات واحساسات کو ہمیشہ احکامِ شریعت کے تابع رکھے، ہر صورت اپنے احساسات اور جذبات کو قربان کرکے اللہ تعالیٰ کے حکم کی مکمل اطاعت کرنا ہی ایک کامل مسلمان کا شیوہ ہے، جس کا بہترین مظاہرہ حج وقربانی میں ہوتا ہے اور جس کا عملی نمونہ انبیائے کرامؑ کے اسوۂ حسنہ کی شکل میں ہمارے سامنے موجود ہے۔

قربانی سے ہمیں یہ بھی سبق ملتا ہے کہ مال ومتاع ،آل واولاد ،آرام و راحت اور نفس وجان کی قربانی کایہ جذبہ بھی حدودِ شریعت کا پابند ہونا چاہئے جس طرح اللہ کے ہاں مقبول حج وہی ہے جو حدودِشریعت کے دائرے میں کیا جائے اور جس میں قدم قدم پر اتباعِ سنت کو ملحوظ رکھا گیا ہو بعینہٖ قربانی بھی وہی مقبول اور درست ہے جو طریقہ رسول اللہ ﷺ نے متعین فرمایا ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سنت کے مطابق اس کی ادائیگی ہی جنت کی ضامن ہے جس کی بشارت رسول اللہ ﷺ نے ہمیں دی ہے ۔

اللہ تعالیٰ ہمیں آرام وراحت اور تن من دھن کی قربانی کاوہ جذبہ عطا کرے جو ایک مسلمان کوسچاوپکا مسلمان بنا دیتا ہے اور پھر اسی جذبےکے لیے وہ طریقہ اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے جو رسول اللہﷺ نے ہمارے لیے تجویز فرمایا اور جس میں دنیا وآخرت کی فلاح و کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔(آمین)