کسٹمز ڈیوٹی محصولات کی مد میں ہدف سے 33 فیصد زیادہ وصولیاں

July 21, 2021

اسلام آباد (اے پی پی)کسٹمز ریجن (شمالی) کے کسٹمز ڈیوٹی محصولات گزشتہ مالی سال 21۔2020کے دوران ہدف سے 33 فیصد زیادہ رہے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کے کسٹمز ریجن (نارتھ) کے لیے گزشتہ مالی سال کے دوران کسٹمز ڈیوٹی محصولات کا ہدف 17.524 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا۔ اس دوران کسٹمز ریجن (شمالی) نے کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 23.334ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے دوران کسٹمز ریجن (نارتھ) نے ہدف کے مقابلہ میں 5.810 ارب روپے یعنی 33فیصد زیادہ کسٹمز ڈیوٹی محصولات وصول کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جون 2021کے دوران کسٹمز ڈیوٹی محصولات کی مد میں ہدف کے مقابلہ میں 48 فیصد زیادہ وصولیاں کی گئی ہیں۔