اسلام آباد میں صفائی کیلئے مشینری کی ہائرنگ کا ٹھیکہ ایوارڈ

July 21, 2021

اسلام آ باد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کے شعبہ سینی ٹیشن کی جانب سے اسلام آ باد کے شہری اور دیہی علاقوں کی صفائی کیلئے مشینری کی ہائرنگ کا ٹھیکہ میسرز جوائنٹ وینچر کو ایوارڈ کر دیا گیا۔ سی ڈی اے نے شہری اور دیہی علاقوں سے کوڑا اٹھانے کیلئے مشینری ‘ ڈرائیور ‘ لوڈرز اور ڈیزل کا ٹھیکہ دینے کیلئے لاگت کا تخمینہ ( NIT) 41کروڑ45لاکھ روپے لگایاتھا۔ سب سے کم آفر 53کروڑ66لاکھ روپے آئی جو لاگت تخمینہ سے 28فیصد زیادہ تھی ۔چیئر مین سی ڈی اے عامر علی احمد نے اس آفر کو زیادہ قرار دے کر اس کاجائزہ لینے کیلئے پانچ ڈائریکٹرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ۔کمیٹی نے بھی اس آفر کو زیادہ قرار دیا ۔ممبر ایڈمن اور ممبر فنانس نے مذاکرات کئے جس کے نتیجے میں اب یہ ٹھیکہ 47کروڑ67لاکھ روپے میں دیا گیاہے جو تین کروڑ 97لاکھ روپے ما ہانہ ہے۔ چیئر مین سی ڈی اے نے آفر کی منظوری دی ہے مگر حکم دیا ہے کہ سی ڈی اے تین ماہ کے اندر اپنی مشینری خریدے تاکہ ہائرنگ کی رقم نہ دینی پڑے۔ سی ڈی اے اب دو ارب روپے کی لاگت سے براہ راست فیکٹری سے مطلوبہ مشینری خریدے گا۔