فحش فلمیں کیس: پولیس کو راج کندرا کے موبائل سے کیا مل گیا؟

July 23, 2021

ممبئی پولیس نے فحش فلمیں بنانے اور انھیں ایپ کے ذریعے ریلیز کرنے کے الزام میں گرفتار راج کندرا کے موبائل سے ملی معلومات عدالت کو بتادیں۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

راج کندرا کو آج ممبئی پولیس نے مقامی عدالت کے روبرو پیش کیا اور اپنے دلائل میں عدالت کو بتایا کہ راج کندرا آن لائن بیٹنگ میں ملوث ہیں اور وہ اس میں وہی پیسہ استعمال کرتے ہیں جو وہ فحش فلمیں بنا کر کماتے ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے پولیس ان کے دو مخصوص بینک اکاؤنٹس سے متعلق تحقیقات کرنا چاہتی ہے۔

عدالت میں پولیس نے بتایا کہ انھیں راج کندرا کے موبائل فون سے فحش فلموں کی فرخت سے متعلق بات چیت بھی ملی جس میں راج کندار تقریباً 121 ویڈیوز کی 12 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت کی گفتگو کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس ڈیل کے بین الاقوامی سطح پر ہونے کے امکانات ہیں۔

عدالت نے راج کندرا کو جسمانی ریمانڈ پر 27 جولائی تک پولیس کے حوالے کردیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راج کے وکیل سبھاش جادھو کا کہنا تھا کہ راج کندرا کی گرفتاری غیر قانونی ہے اور اس کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

ان کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ راج کے پاس سے ایسی کوئی بھی ویڈیو نہیں ملی جسے فحش کہا جائے، لیکن پولیس نے ان کے خلاف 4 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ بنادی۔