ابھینندن کو چائے پلانے والے بھٹو کو غدار کہہ رہے ہیں، بلاول بھٹو

July 23, 2021

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھینندن کو چائے پلانے والے ذوالفقار علی بھٹو کو غدار کہہ رہے ہیں۔

انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم آزاد کشمیر 27 جولائی کو جو پہلا کام کرے گا وہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہے، انہوں نے کشمیر کا سودا کیا۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ عمران خان نے نریندر مودی کی جیت کی دعائیں کیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی عوام کے سامنے 3 آپشن ہیں کہ وہ کسے ووٹ دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ کیا تحریک انصاف نے تنخواہوں میں اضافہ کیا؟، کیا ن لیگ نے تنخواہوں میں اضافہ کیا ؟ ہم کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ اتنا بڑا معاشی بحران ہے، وہاں عمران خان نے بھی اور ن لیگ کے وزیراعظم نے بھی آپ کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔