عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت سے منائی گئی، سخت حفاظتی انتظامات

July 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عید الاضحیٰ بدھ کومذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منائی گئی،نماز عید الاضحیٰ کے بڑے اجتماعات کھلے مقامات جبکہ مساجد میں منعقد ہوئے ،اکثر مقامات پر محکمہ داخلہ سندھ کی ہدایت کے مطابق ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا گیا ، نماز عید کی ادائیگی کے بعد ہزاروں فرزندان توحید نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے حسبِ توفیق جانوروں کی قربانی دی، نماز عید کے لیے آنے والوں کو تھرمل اسکینر سےگزارا جانا تھا تاہم اکثر مقامات پر ایسا نہیں کیا گیا، اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور حفاظت کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ، دینی مدارس، فلاحی تنظیموں کی جانب سے اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا ، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی رہنماوں کے ہمراہ نماز عید گورنر ہاوس کی مسجد میں ادا کی ،دریں اثنا محکمہ داخلہ کی جانب سے سی ویو پر جانے کی پابندی کے باوجود سینکڑوں افراد نے پا بندی کی پروا نہ کرتے ہوئے سی ویو کا رخ کیا بعض فیملیز سمندر کی لہروں سے لطف اندوز ہوتی رہیں جبکہ بعض منچلے سی ویو پر ون ولینگ بھی کرتے رہے۔